← Back to Articles
فادرز ڈے کا واٹس ایپ اسٹیٹس اور بوڑھے باپ کے آنسو - چشم کشا تحریر
ادبی مضآمین

فادرز ڈے کا واٹس ایپ اسٹیٹس اور بوڑھے باپ کے آنسو - چشم کشا تحریر

عاقب شیخ غلام محمد دھولیہ مہاراشٹرا7 views
واٹس ایپ کے فرماں بردار: فادرز ڈے کی منافقت اور باپ کا اصل مقام مجھے تو اپنے معاشرے کے ان جدید روشن خیالوں کی مت پر سخت حیرت ہوتی ہے، جو انگریزوں کی نقالی کی دوڑ میں اس حد تک اندھے ہو چکے ہیں کہ انہیں اپنی عزت اور ذلت کا فرق بھی دکھائی نہیں دیتا۔ مغربی تقلید اور خاندانی نظام کی تباہی صاحب! حد ہوتی ہے ذہنی غلامی کی، کہ آج ہم ماں باپ کی حرمت اور ان کے حقوق ان لوگوں سے سیکھ رہے ہیں جن کے اپنے ہاں رشتوں کا کوئی تقدس کوئی حیا باقی ہی نہیں رہی۔ معذرت کے ساتھ، جنہیں نعوذ باللہ خود یہ تک نہیں پتہ ہوتا کہ ان کا سگا باپ کون ہے، کیا اب وہ آوارہ اور خاندانی نظام سے محروم قومیں ہمیں بتائیں گی کہ باپ کا رتبہ کیا ہوتا ہے؟ اور ہم ان سے باپ کے حقوق سیکھیں گے؟ موبائل فون کی لت اور بوڑھے باپ کی تنہائی ان صاحبزادوں کی منافقت کا حال تو دیکھو کہ چوبیس گھنٹے ہاتھ میں موبائل لیے گردن جھکائے اسی اسکرین میں گھسے رہتے ہیں۔ سامنے بوڑھا باپ بیٹھا ہو، انہیں دیکھنے کی فرصت نہیں ہوتی۔ ارے نادانو! کبھی اس بوڑھے باپ کے چہرے کی جھریوں کو دیکھا ہے؟ کبھی اس کے پھٹے ہوئے تلووں اور کانپتے ہاتھوں کو غور سے دیکھا ہے؟ یہ وہ عظیم ہستی ہے جو تپتی دھوپ میں، جلا دینے والی گرمی میں خود کو نچوڑتی رہی تاکہ تمہارے نخرے اٹھا سکے۔ اس نے اپنی خواہشوں کا گلا گھونٹ دیا، اپنے تن کے کپڑے پرانے رکھے، تاکہ تمہاری ہر ضد، ہر فرمائش پوری ہو سکے۔ وہ دن بھر مزدوری کی چکی میں پستا رہا، زمانے بھر کی تلخیاں اور جھڑکیاں ہنس کر سہتا رہا، صرف اس امید پر کہ شام کو جب گھر لوٹے گا تو اپنے بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھے گا۔ باپ کی تذلیل اور عرشِ الٰہی کا کانپنا مگر افسوس! آج جب وہ بوڑھا ہو گیا، اس کی کمر جھک گئی اور وہ تمہاری توجہ کے لیے ترسنے لگا، تو تم اسے اجنبی سمجھ کر موبائل میں مگن ہو؟ اور حد تو یہ ہے کہ جب وہی باپ اپنی محبت یا ضرورت کے تحت کچھ پوچھ لے، تو تم اسے اپنی سرخ آنکھیں دکھاتے ہو! اس بوڑھے کے سامنے تمہاری زبان قینچی کی طرح چلتی ہے اور تم تڑخ کر ایسے بدتمیزی سے جواب دیتے ہو کہ اس کا بوڑھا دل اندر سے رو پڑتا ہے۔ وہ باپ جس کے سامنے تمہیں اونچی سانس لینے کی اجازت نہیں تھی، آج تم اسے جاہل اور خود کو عقلمند سمجھ کر اس کی تذلیل کرتے ہو؟ خدا کی قسم! جب اولاد بوڑھے باپ کو آنکھیں دکھاتی ہے، تو باپ کا دل ہی نہیں عرشِ الٰہی بھی کانپ اٹھتا ہے۔ فادرز ڈے (Father's Day) پر واٹس ایپ اسٹیٹس کی جھوٹی نمائش لیکن جیسے ہی انگریزوں کا کوئی فادرز ڈے (Happy Father's Day) آتا ہے، تو یہی بدتمیز اولاد ایسے تڑپ اٹھتی ہے جیسے ان سے بڑا فرمانبردار کوئی پیدا ہی نہیں ہوا، اور فوراً واٹس ایپ اسٹیٹس پر محبت کی جھوٹی نمائش شروع ہو جاتی ہے۔ ارے نادانو! جس دین نے باپ کو جنت کا دروازہ بتایا ہو، وہاں سال میں ایک دن انگریزوں کا دیا ہوا بھیک کا ٹکڑا چبا کر اور اپنے ضمیر کو لوری دے کر تم خود کو بڑا ماڈرن سمجھ رہے ہو؟ یہ جدیدیت نہیں ہے بلکہ اپنی غیرت کا جنازہ نکالنا ہے۔ سچی فرماں برداری کیا ہے؟ اگر اپنے باپ کو جنت کا دروازہ سمجھتے ہو، تو پہلے اس موبائل کو ایک طرف رکھ کر ان کے پیروں میں بیٹھنا اور ان کی خدمت کرنا سیکھو؛ ان کی آنکھوں میں آنسو لانے کے بجائے ان کی دعائیں سمیٹو، ورنہ یاد رکھو کہ یہ واٹس ایپ کے جھوٹے اسٹیٹس روزِ محشر تمہیں خدا کے سخت عذاب سے کبھی نہیں بچا سکیں گے۔
Share: